نئی دہلی6ستمبر(آئی این ایس انڈیا)پنجاب کی سیاست میں عام آدمی پارٹی سے وابستہ لیڈروں کی آپس میں پھوٹ کے درمیان پارٹی کیلئے اچھی خبربھی آئی ہے۔کانگریس پارٹی کے قدآور لیڈر جگمیت سنگھ برار عام آدمی پارٹی کے ساتھ آ گئے ہیں۔گزشتہ چند دنوں میں آپ رہنماؤں نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزام لگائے ہیں۔ان الزامات کی وجہ سے پارٹی کے پنجاب یونٹ کے کنوینرسچاسنگھ چھوٹے پور کو عہدے سے ہٹا دیا۔سچا سنگھ پر ٹکٹ کیلئے پیسے لینے کے الزام تک لگے۔وہیں دہلی میں پارٹی کاایک رکن اسمبلی سیکس اسکینڈل کے الزام میں جیل میں بیٹھا ہے۔ایسے میں یہ خبر پارٹی کیلئے راحت لے کر آئی ہے۔ذرائع بتا رہے ہیں کہ برار کی عام آدمی پارٹی میں انٹری کا مکمل کام بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی دین ہے۔مانا جا رہا ہے کہ جگمیت سنگھ برار جو کانگریس کے سابق رہنما رہے ہیں، عام آدمی پارٹی کے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑیں گے۔کہا جا رہا ہے کہ وہ ابھی کیجریوال کی پارٹی میں باضابطہ طور پر شامل نہیں ہوں گے اور یہ ایک انتخابی اتحاد ہوگا۔برار کے حامیوں کو پارٹی کتنے ٹکٹ دے گی ابھی اس بارے میں بات چیت چل رہی ہے۔اپنی پارٹی کے رہنماؤں کے حملے برداشت کے بعد اروند کیجریوال نے کہا کہ بنگلور میں گلے کی سرجری کے بعد وہ خود ریاست کے انتخابات کی کمان اور امیدواروں کو چن اپنے ہاتھ میں لیں گے۔